واشنگٹن — امریکا نے اپنے سفری پابندیوں کے دائرہ کار میں توسیع کرتے ہوئے 19 ممالک سے بڑھا کر 30 سے زائد ممالک پر پابندیاں لگانے کی تیاری کر لی ہے۔ امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی کی سیکرٹری کریستی نوم نے امریکی ٹی وی کو بتایا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ جائزہ لے رہے ہیں کہ مزید کون سے ممالک کو پابندیوں میں شامل کیا جائے گا، تاہم کسی ملک کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔
رواں ماہ کے آغاز میں ہی یہ خبر سامنے آئی تھی کہ ٹرمپ انتظامیہ نے قومی سلامتی اور عوامی تحفظ کے خدشات کے پیش نظر 19 غیر یورپی ممالک سے آنے والے تارکین وطن کی تمام امیگریشن درخواستیں روک دی ہیں، جس میں گرین کارڈ اور امریکی شہریت کی درخواستیں بھی شامل ہیں۔
ان 19 ممالک کی فہرست میں افغانستان، برما، چاڈ، جمہوریہ کانگو، استوائی گنی، اریٹریا، ہیٹی، ایران، لیبیا، صومالیہ، سوڈان اور یمن شامل ہیں، جن پر جون میں سب سے سخت پابندیاں عائد کی گئی تھیں، جس میں چند استثنیات کے ساتھ امریکا میں داخلے پر مکمل پابندی بھی شامل تھی۔
مزید 19 ممالک جنہیں جون میں جزوی پابندیوں کا سامنا تھا، ان میں برونڈی، کیوبا، لاؤس، سیرالیون، ٹوگو، ترکمانستان اور وینیزویلا شامل ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق امریکا کی یہ تازہ پالیسی عالمی سطح پر امیگریشن اور سفر کے حوالے سے اہم تبدیلیوں کی علامت ہے۔





